شخصیات شخصیات

احمد رضا خان بریلوی رح کون تھے

  • 4
    Shares

امام ِاہلسنت مجددِاسلام اعلیٰ حضرت شاہ امام احمدرضا خان بریلوی رحمۃ اللہ علیہ
نام ونسب: اسمِ گرامی:محمد۔
تاریخی نام”المختار”جدامجد مولانا رضا علی خان علیہ الرحمہ نے”احمدرضا”نام رکھا،اوراسی نام سےمشہورہوئے۔
القاب:اعلیٰ حضرت،امام اہلِ سنت،مجدداسلام،شیخ الاسلام،حامیِ سنت،ماحیِ بدعت وغیرہ۔
سلسلہ نسب:اعلیٰ حضرت الشاہ امام احمد رضا خان بن مولانا نقی علی خاں بن مولانا رضا علی خاں بن حافظ کاظم علی خاں بن محمد اعظم خاں بن محمد سعادت یار خاں بن محمد سعید اﷲخاں۔)علیہم الرحمۃ والرضوان)۔آپ کاتعلق “افغانستان”کے معززقبیلہ”بڑھیچ پٹھان “سے ہے۔
تاریخِ ولادت:آپ کی ولادت باسعادت بروز ہفتہ،10/شوال المکرم 1272ھ،مطابق 14جون 1856ء،بوقتِ ظہر،”محلہ جسولی”بریلی ٍٍشریف(انڈیا) میں پیداہوئے۔
احمد رضا بریلوی
خود امام ِ اہلسنت نے اپنی ولادت کاسن ہجری(1272ھ) اس آیتِ مبارکہ سے اخذکیا ہے: اُولٰٓئِکَ کَتَبَ فِیۡ قُلُوۡبِہِمُ الْاِیۡمٰنَ وَ اَیَّدَہُمۡ بِرُوۡحٍ مِّنْہُ۔(سورۃ المجادلہ:22)
تحصیلِ علم: اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ کی رسمِ بسم اللہ کے بعد تعلیم کا سلسلہ جاری ہوگیا آپ نےچاربرس کی ننھی عمر میں ناظرہ قرآن مجید ختم کرلیا۔
چھ سال کی عمر میں ماہِ ربیع الاول شریف کی تقریب میں ایک بہت بڑے اجتماع کے سامنے “میلاد شریف”کے موضوع پر ایک پر مغز اور جامع بیان کرکےعلمائے کرام اور مشائخ عظام سےتحسین و آفرین کی دادوصول کی۔
ابتدائی اردو اور فارسی کی کتب پڑھنے کے بعد” میزان و منشعب “حضرت مولانا مرزا غلام قادر بیگ علیہ الرحمہ سے پڑھیں۔پھر آپ نے اپنے والدِ ماجد سندالمحققین حضرت مولانا شاہ نقی علی خان علیہ الرحمہ سے اکیس علوم حاصل کیے۔
امام احمد رضا کان بریلوی رحمتہ اللہ علیہ
“شرح چغمینی” کابعض حصہ حضرت علامہ مولانا عبدالعلی رام پوری علیہ الرحمہ پڑھا۔ابتدائی “علم ِ تکسیر وجفر” شیخ المشائخ حضرت شاہ ابوالحسین احمد نوری مارہروی علیہ الرحمہ سے حاصل کیے۔علمِ تصوف کی تعلہم استاذ العارفین مولانا سید آلِ رسول مارہروی علیہ الرحمہ سے حاصل فرمائی۔تیرہ برس دس مہینے پانچ دن کی عمر میں 14/شعبان المعظم 1286ھ،مطابق 19/نومبر 1869ء فارغ التحصیل ہوئے اور دستارِ فضیلت سے نوازے گئے۔
اللہ تعالیٰ نے آپ کو قوتِ حافظہ سے خوب نواز تھا۔صرف مغرب اور عشاء کے درمیانی وقت میں ایک پارہ حفظ کرلیتے تھے،اور ایک ماہ میں قرآنِ مجید مکمل کرلیا۔اعلیٰ حضرت کے اساتذہ کی فہرست توبہت مختصر ہے،لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور اس کےحبیبﷺ کی عطاء سےآپ کاسینہ علم ومعرفت کا خزینہ تھا۔یہی وجہ ہےکہ آپ بہت سے علوم کے بانی وموجدہیں۔
(ذالک فضل اللہ یؤتیہ من یشاء) بیعت وخلافت: آپ علیہ الرحمہ 1294ھ،مطابق 1877ءکو شیخ المشائخ حضرت شاہ آلِ رسول مارہروی علیہ الرحمہ کے دست پرست پر بیعت ہوئے اور خلافت سے مشرف ہوئے۔
سیرت وخصائص: اعلٰی حضرت،امامِ اہلسنت،عظیم البرکت،عظیم المرتبت،پروانۂ شمعِ رسالت،حامیِ سنت،ماحیِ بدعت،شیخ الاسلام،مجددمأۃ ماضیہ،حالیہ،آتیہ،مفسرعدیم النظیر،محدث باکمال،فقیہِ علی الاطلاق شاہ امام احمدرضاخان قادری برکاتی محدث بریلوی رحمۃ اللہ علیہ۔امامِ اہلِ سنت امام احمد رضا خان محض ایک فرد نہیں بلکہ ایک جامعہ ہیں۔
آپ کی سیرتِ مبارکہ اور کارہائے نمایاں سے قرونِ اولیٰ کے اسلاف کی یادتازہ ہوجاتی ہے۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ کی شخصیت ایسی جامع وکامل وعالی مرتبت ہے،جن کی علمی سطوت وشوکت اور مخالفین ودشمنانِ اسلام پر ہیبت دبدبہ انشاء اللہ العزیز آئندہ تاقیامِ قیامت اپنی پوری آب وتاب اور شان وشوکت کے ساتھ آفتاب نصف النہار کی طرح مطلعِ علم وشریعت پر چھائی رہے گی۔آپ کی پھیلائی ہوئی شمعِ عشقِ مصطفیٰ ﷺکی مہک پورے عالم میں پھوٹتی رہے گی اور ہرآنے والے دن کےساتھ اس کی خوشبواور فیض رسانی میں اضافہ ہوتارہےگا۔
آپ کی ذات کی پہچان اور پوری حیات کاعرفان عشقِ مصطفیٰﷺہے۔آپ فنافی الرسولﷺتھے۔یہی وجہ ہے کہ آپ نے دمِ آخرین اپنے عقیدت مندوں ، وارثوں ،اور تمام اہل سنت کو جووصیت فرمائی اس کوحرزِ جان بنانے کی ضرورت ہے۔ آپ فرماتے ہیں:”جس سے اللہ تعالیٰ اوررسول اللہﷺ کی شان میں ادنیٰ توہین پاؤپھروہ تمھاراکیساہی پیاراکیوں نہ فوراًاس سےجداہوجاؤ،جس کوبارگاہِ رسالت مآب ﷺمیں ذرابھی گستاخ دیکھو،پھروہ کیساہی بزرگ ومعظم کیوں نہ ہواپنےاندر سےاسے دودھ کی مکھی کی طرح نکال کرپھینک دو”۔(وصایا شریف) وصال: بروزجمعۃ المبارک 25/صفرالمظفر1340ھ،مطابق 28/اکتوبر 1921ءکودن دوبجکر 38منٹ پر عین آذان جمعہ میں ادھر “حی علی الفلاح”کی پکارسنی ادھرروح پرفتوح نے”داعی الی اللہ “کولبیک کہا۔آپ کامزارپرانوار بریلی شریف (انڈیا)میں مرجعِ خلائق ہے۔
ماخذومراجع:حیات ِ اعلیٰ حضرت ۔سوانح امام احمد رضا۔سیرتِ اعلیٰ حضرت ۔تاجداربریلی نمبر۔
؏:تمھاری شان میں جوکچھ کہیں اس سے سواتم ہو
قسم ہے جانِ عرفاں اے شہِ احمد رضاتم ہو
بشکریہ
Read more at: https://www.ziaetaiba.com/ur/scholar/ala-hazrat-imam-ahmed-raza-khan-barelvi


  • 4
    Shares