لکھاری لکھاری » لکھاری » سعادتِ حج اور شکوہ تنگدستی

ad

لکھاری میرے مطابق

سعادتِ حج اور شکوہ تنگدستی


دورانِ سبق جب مشکوۃ شریف کی فضائلِ حج والی حدیث گذری تو استادِ محترم حضرت مولانا مفتی عالمگیر صاحب دامت فیوضہم نے طلباء سے مخاطب کر کے پوچھا

ہاں بھئی…….!
کون کون حج کرنا چاہتا ہے………؟

سب طلباء نے ہاتھ کھڑے کیے

تو استاد جی فرمانے لگے کہ اسکے لیے کیا تیاری کی ہے…..؟
عرض کیا کہ دعا کرتے ہیں
فرمانے لگے کہ آپ لوگوں میں طلبِ صادق نہیں ہے

اور یہ بات دو تین بار ارشاد فرمائی

پھر ارشاد فرمایا کہ مفتی اعظم پاکستان مفتی شفیع عثمانی صاحب رحمہ اللہ جب حج سے واپس آئے تو حضرت کی بڑی صاحبزادی نے دعا کا کہا کہ ابا جان…….! میرے لیے بھی دعا کیجئیے کہ اللہ پاک حج کرنے کی سعادت سے بہرہ ور فرمائیں،
اس پر حضرت شیخ نے فرمایا کہ بیٹی تم نے کیا تیاری اس کیلیے…..؟

کچھ پیسے جمع کیے یا نہیں……..؟

تو صاحبزادی نے عرض کی کہ ابا جان آپ جانتے ہیں گھر کے حالات کو، پیسے جوڑنے کی نوبت نہیں آتی
حضرت شیخ رحمہ اللہ نے فرمایا کہ مہینہ بعد ایک پیسہ بھی نہیں جوڑ سکتی…….؟

ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے حصے کا کام کرنا شروع کریں اور پیسے جمع کریں، اگلا مرحلہ اللہ پاک آسان فرمائیں گے

یہ واقعہ بیان کرنے کے بعد مفتی عالمگیر صاحب دامت برکاتہم نے ارشاد فرمایا کہ آپ لوگ بھی پہلی فرصت میں پاسپورٹ بنوائیں اور اسکے بعد روزانہ، ہفتہ وار یا ماہانہ کی بنیاد پر پیسے جمع کرنا شروع کر دیں،

پھر استادِ محترم نے اپنا قصہ بیان کیا کہ 2011 میں پاسپورٹ بنوایا اور اس کے بعد پیسے جمع کرنے شروع کر دیے، دو سال بعد 2013 میں جب حج کا پختہ ارادہ بن گیا تو اُن جمع کیے ہوئے پیسوں کو نکالا اور گننے لگا

آپ کو حیرت کا جھٹکا لگے گا یہ سن کر کہ اس وقت تک دو سال میں بس آٹھ ہزار روپے سکہ رائج الوقت جمع ہوئے تھے

جی ہاں

صرف آٹھ ہزار

لیکن اخلاص اور تڑپ کی برکت تھی کہ اللہ پاک نے باقی کا انتظام اپنے خزانہ ء غیب سے کر دیا

اس کیلیے ضروری نہیں کہ پانچ لاکھ آئیں گے تو حج کریں گے…..
اگر آپ کی نیت خالص اور سچی تڑپ موجود ہے تو اللہ پاک کو دکھا دیجیے کہ اے اللہ……..! ہم نے تو تیرے گھر کی زیارت کرنی ہے، فریضہ حج ادا کرنا ہے، اسکے لیے پیسے جمع کرنے شروع کر دیے ہیں باقی کا بندوبست آپ کیجئیے،

اور

حرفِ آخر کہ دل، تڑپ، محبت سچی ہو تو دعا خود عطا کروا دی جاتی ہے.

پُر اَثر دعا سچے قلب سے سچی تڑپ لئے ویسے ہی نکلتی ہے جیسے ننھے اسمٰعیل کی پیاس پر آمنا و صدقنا کہتے ہوئے بنجر اور لق و دق ریگستان کے سینے سے آبِ زم زم کا نہ رکنے والا چشمہ پھوٹا تھا ! یہ اسی ننھے اسمٰعیل کی سچی پیاس اور انکی والدہ کی خالص تڑپ کے ہی طفیل ممکن ہوا،

لہذا اسلیے آج ہی سے خالص نیت کے ساتھ پیسے جمع کرنا شروع کر دیں کہ شاید اسی سال بیت اللہ کے سائے میں نماز ادا کرنا اور حجِ بیت اللہ کی سعادت نصیب ہو جائے.

#سعیدیات